اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ کوئی معجزہ ہی نواز شریف کی فیملی کو قید اور نااہلی سے بچا سکتا ہے، وزیراعظم کی نااہلی دیوار پر لکھی ہوئی نظر آ رہی ہے، موٹو گینگ باہر آ کر جھوٹ بولتا ہے اصل معاملہ حسن، حسین نواز کی 14، 14 سال سزا کی طرف جا رہا ہے۔
منگل کوسپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا اور نواز شریف نے جے آئی ٹی کے سامنے اپنے خالو محمد حسین کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی نااہلی دیوار پر لکھی ہوئی نظر آ رہی ہے جبکہ نواز شریف جائیں گے اور نیا وزیراعظم آئے گا۔ کوئی معجزہ ہی نواز شریف کی فیملی کو 14 سال قید اور 10 سال کی نا اہلی سے بچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کی نظریں سپریم کورٹ اور ججز پر ہیں جبکہ موٹو گینگ باہر آ کر جھوٹ بولتا ہے اصل میں معاملہ حسن، حسین نواز کی 14، 14 سال سزا کی طرف جا رہا ہے۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ سازش ان کے بچوں نے کی ہے اور نواز شریف کے بچوں کے پاس سے اربوں روپے نکل آئے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت مخالف مارچ کی کال دینے کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں گے ۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنے کا فیصلہ پارٹی اجلاس میں کیا گیا ترجمان پی ٹی آئی نے کہا پی ٹی آئی سپریم کورٹ کا فیصلہ سامنے آنے تک عوامی ریلیاں اور جلسے منعقد نہیں کریگی بلکہ مختلف شہروں اور علاقوں میں چھوٹے پارٹی کنونشنز منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ تاثر نہیں دینا چاہتے کہ ہم عدالتی فیصلے سے پہلے ہی عوام کو سڑکوں پر لے آئے لیکن اپنے کارکنان کو فعال رکھنا چاہتے ہیں تاکہ وہ چیئرمین کی کسی بھی کال کیلئے مکمل طور پر تیار رہیں۔
Blogger Comment
Facebook Comment